واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیئر فارن سروس کی رکن اور کیریئر سفارت کار نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے، جس کی منظوری کے لیے نام امریکی سینیٹ کو بھیج دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی نیٹلی بیکر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں امریکا کی سفیر فوق العادہ و مکمل الاختیار کے منصب پر فائض ہوں گی، تاہم ان کی تقرری امریکی سینیٹ کی توثیق سے مشروط ہے۔ نیٹلی بیکر اس سے قبل 16 اگست 2024 سے اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف مشن اور اس وقت ناظم الامور کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہیں، جبکہ ڈونلڈ بلوم پاکستان میں امریکا کے آخری مستقل سفیر تھے۔
سفارتی کیریئر کے دوران نیٹلی بیکر دوحہ اور لیبیا میں ڈپٹی چیف آف مشن، واشنگٹن میں شمالی افریقی امور کی ڈائریکٹر، اور کویت میں اقتصادی مشیر رہ چکی ہیں جہاں انہوں نے عراق سے امریکی افواج کے انخلا میں بھی معاونت کی۔ ان کی نامزدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سلامتی اور علاقائی امور پر متعدد سفارتی رابطے جاری ہیں۔





