کوئٹہ: سرکاری نشراتی ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ نے ذرائع کے حوالے سے جمعے کو خبر دی ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجگور کے علاقے فتح علی میں کی گئی کارروائی کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع کچھی کے علاقے دھادر میں کیا گیا جہاں دو دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران متعدد دیگر دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
تازہ ترین کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب حال ہی میں بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے صوبے بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیز رفتاری پیدا کر دی ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی ماہانہ جائزہ رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں میں سات فیصد اضافہ ہوا، جو جولائی کے 83 حملوں سے بڑھ کر اگست میں 89 ہو گئے۔
سیکورٹی فورسز نے حالیہ ہفتوں کے دوران صوبے میں پے در پے کئی آپریشنز کیے ہیں۔
31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ضلع پشین میں این-50 قومی شاہراہ پر زیارت کراس کے قریب کسٹمز ہاؤس پر منظم حملہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران سمیت چھ افراد شہید ہوئے۔
اس سے قبل 31 اگست کو ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں ’فتنہ الہندوستان‘ کے 11 دہشت گرد اس وقت ہلاک کیے گئے جب انہوں نے بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کر کے این-40 کوئٹہ-تفتان شاہراہ بلاک کر رکھی تھی۔
2 ستمبر کو سیکورٹی فورسز نے ضلع قلات میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ کچھ دنوں بعد خاران اور واشک کے اضلاع میں الگ الگ آپریشنز میں اہلکاروں نے 11 دہشت گرد مار گرائے اور 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے 4 ستمبر کو بتایا کہ مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے اضلاع میں کی گئی متعدد کارروائیوں میں مزید 36 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ان میں سبی کے علاقے بھاگ میں پولیس اسٹیشن پر حملے کو ناکام بنانے کی کارروائی بھی شامل تھی۔
جمعرات کو بھی سیکورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں ایک آئی بی او کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
یہ تازہ ترین کارروائیاں ان متعدد انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کا تسلسل ہیں جو حالیہ ہفتوں کے دوران بلوچستان بھر میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے انجام دیے گئے ہیں۔





