ٹورنٹو: موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول (MISAFF) 2026 میں تین پاکستانی فلموں نے ایوارڈز حاصل کیے، جہاں سرمد کھوسٹ، محمد علی نقوی اور کامران فائق کی پروڈکشنز کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں اعزازات ملے۔
سرمد کھوسٹ کی فلم ’لالی‘ نے تین ایوارڈز حاصل کیے، جن میں اسپیشل جیوری پرائز بھی شامل ہے۔ فلم میں اداکاری پر فرازہ سید نے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ فلم کو بہترین ساؤنڈ ڈیزائن کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو ڈاکیومنٹری کیٹیگری میں سَبین محمود ایوارڈ فار کریج اِن سنیما دیا گیا۔
کامران فائق کی ’دی لاسٹ گلانس‘ نے بہترین بین الاقوامی مختصر فلم کا ایوارڈ حاصل کیا۔
فیسٹیول میں دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کی فلموں کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔ نیپال کی ’ایلیفینٹس اِن دی فوگ‘ نے بہترین فیچر فلم، بہترین ہدایت کار اور بہترین ایڈیٹنگ کے ایوارڈز حاصل کیے۔
بنگلہ دیش کی ’روئڈ‘ نے بہترین سنیماٹوگرافی اور بہترین موسیقی کے ایوارڈز جیتے، جبکہ بھارتی فلم ’رحمت‘ میں اداکاری پر نصیرالدین شاہ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔





