لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ٹی وی ڈرامہ دارِ نجات کی کہانی کو ازدواجی تعلقات سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بیوی کو ماضی سے متعلق معاملات پر پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو کھل کر بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
حنا پرویز بٹ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اس پہلو پر بات کی کہ ماضی کے تعلقات یا فیصلے مستقبل کی ازدواجی زندگی پر کس طرح اثر انداز ہو سکتے ہیں، خصوصاً جب کوئی چھپی ہوئی بات شادی کے بعد سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں غصے یا جذبات میں آ کر فیصلہ کرنے کے بجائے شریکِ حیات سے بات کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق، ماضی کی کسی بات کو موجودہ رشتے پر حاوی ہونے دینے کے بجائے غلط فہمیوں کو باہمی گفتگو سے دور کرنا بہتر ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میاں بیوی کو اپنے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں پر مناسب انداز میں بات کرکے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ایک مضبوط ازدواجی تعلق کی بنیاد باہمی احترام اور اعتماد پر ہونی چاہیے۔
ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کسی شخص کا ماضی میں کوئی تعلق یا زندگی کا ایسا پہلو ہو سکتا ہے جسے وہ دوسروں کے سامنے لانا نہ چاہتا ہو، تاہم اگر ایسی کوئی بات بعد میں سامنے آئے تو اس سے ازدواجی تعلق متاثر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ایسے معاملات میں حقائق چھپانے یا جھوٹ بولنے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کھل کر اور دیانت داری سے بات کرنے سے غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا، ’’حال میں جئیں۔ اچھی شادی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات کو موجودہ رشتے کے مستقبل کا تعین نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے یہ پیغام دارِ نجات کی کہانی کے تناظر میں دیا، جس میں ماضی سے جڑے معاملات کے موجودہ تعلقات پر اثرات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ حنا پرویز بٹ نے اسی کہانی کو بنیاد بناتے ہوئے ازدواجی مسائل میں تحمل، باہمی اعتماد اور گفتگو کی اہمیت پر زور دیا۔





