ہانگ کانگ: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وہ تمام پوسٹس بظاہر بے بنیاد اور جھوٹی ثابت ہوئی ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ معروف اداکار جیکی چین 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ یہ افواہ ایک تعزیتی طرز کی تصویر وائرل ہونے کے بعد پھیلی جس پر "1954 2026" کی تاریخیں درج تھیں۔
جیکی چین کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی، جس کے بعد بعض صارفین نے خراجِ تحسین پیش کرنا شروع کر دیا۔ اس دعوے سے متعلق بعض پوسٹس کو ملینز (لاکھوں) میں ویوز ملے۔ تاہم، جیکی چین کے اہل خانہ یا نمائندوں کی جانب سے ان کی وفات کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی معتبر خبری ادارے نے ان کے انتقال کی خبر دی ہے۔
جیکی چین، جن کا اصل نام فینگ شیلونگ (Fang Shilong) ہے، رواں سال بھی فلمی سرگرمیوں میں مکمل طور پر فعال رہے ہیں۔
جولائی میں انہوں نے سنگاپور کے 'پئی چون پبلک اسکول' کا دورہ کیا، جو لِم فیملی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایک تقریب کا حصہ تھا۔ 'دی اسٹریٹس ٹائمز' کے مطابق، اس دورے کے دوران جیکی چین نے 900 سے زائد طلبہ سے ملاقات کی اور اپنا مشہور گانا "ہارڈ ٹو سے گڈ بائے" (Hard to Say Goodbye) گایا۔ اس کے بعد انہوں نے آذربائیجان میں اپنی فلم 'آرمبر آف گاڈ 4: الٹیمیٹم' (Armour of God 4: Ultimatum) کی شوٹنگ میں حصہ لیا۔ آذربائیجان کی سنیما ایجنسی نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ وہاں فلم بندی مکمل ہو چکی ہے، جس میں 200 سے زائد مقامی ماہرین نے حصہ لیا۔
اس فلم میں جیکی چین ایک بار پھر 'آرمبر آف گاڈ' سیریز کے اپنے مشہور کردار 'ایشیائی ہاک' (Asian Hawk) کے روپ میں نظر آئیں گے، اور یہ فلم 2027 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جیکی چین کی موت کے بارے میں جھوٹی خبریں آن لائن گردش کر رہی ہوں۔ اس سے قبل 2011 اور 2022 میں بھی اسی طرح کے دعوے سامنے آئے تھے جنہیں بعد میں مسترد کر دیا گیا تھا۔ جیکی چین چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور 'رش آور' (Rush Hour)، 'پولیس اسٹوری' (Police Story) اور 'ڈرنکن ماسٹر' (Drunken Master) جیسی شہرۂ آفاق فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔





