اسلام آباد: وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ حکومت نے وزیر اعظم فیول ریلیف اسکیم کا رجسٹریشن عمل آسان بنا دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ اسکیم دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے علاوہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ہے۔ اسکیم کے تحت مستحق افراد کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ نیا طریقہ کار انتہائی سادہ اور آسان بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مستحق افراد گھر بیٹھے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کی نمبر پلیٹ کا نمبر، صوبے کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ 9771 پر ایس ایم ایس کر کے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ مطلوبہ معلومات بھیجنے پر رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔
شزہ فاطمہ کے مطابق رجسٹرڈ صارفین کو پیٹرول پمپ جانے سے قبل فیول ریلیف ٹوکن حاصل کرنا ہوگا، جو 9771 پر ”TOK“ لکھ کر بھیجنے سے موصول ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹرول پمپ پر ٹوکن نمبر دکھانے کے بعد صارفین کو سبسیڈی والے نرخوں پر پیٹرول فراہم کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیول ریلیف اسکیم کا مقصد مستحق طبقے پر مالی بوجھ کم کرنا ہے، اور حکومت اس پروگرام کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت فیول ریلیف اسکیم کے لیے ماہانہ 25 ارب روپے فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔





