محکمہ داخلہ پنجاب نے 13 سے 17 ستمبر تک صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کے تحت عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور اکٹھ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی امن، سکون اور جان و مال کے تحفظ کو لاحق خطرات کے پیش نظر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
تاہم پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔
عدالتیں، سرکاری ادارے، باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات اور سکیورٹی اہلکار بھی ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت کی جانب سے یہ حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔





