لاہور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مونسون کے نویں اور آخری سلسلے کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ہفتے سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ہفتے سے راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جہاں درجہ حرارت 27 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
اتوار سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارش کی توقع والے دیگر علاقوں میں خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت ملحقہ علاقے شامل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمد سیف انور جپہ نے اس سلسلے کے دوران صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ کو بھی قبل از وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات، بلدیات اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
سیف انور جپہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہنے سے گریز کریں، کیونکہ مونسون کے دوران مکانات گرنے سے جانی نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے طوفان کے دوران لوگوں کو محفوظ مقامات پر رہنے، بلا ضرورت سفر سے گریز کرنے اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مونسون کی بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کو حساس علاقے قرار دیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال اور پیشگی خبردار کرنے والی اطلاعات پر نظر رکھیں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





