پاکستان نے یمن اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور جامع سیاسی حل کی تمام کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یمن کی صورتحال انتہائی تشویشناک اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مختلف محاذوں پر بڑھتی ہوئی کشیدگی، بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے مسلسل حملوں، سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور یمن میں بگڑتی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے خبردار کیا کہ ان پیش رفت کے یمن اور پورے خطے پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید فوجی کشیدگی روکنے اور سفارتی کوششوں کے لیے گنجائش برقرار رکھنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے اس جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کا دفاع، شہریوں اور مقیم افراد کا تحفظ اور کسی بھی بیرونی خطرے کے خلاف اپنے قومی اثاثوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔





