اسلام آباد: پاکستان اور چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ نے تجارتی تعلقات، معاشی تعاون اور عوامی روابط کی استواری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی معاشی مفاد کی نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے ہانگ کانگ میں پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال اور ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی کا چیؤ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ معاشی ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیف ایگزیکٹو جان لی کا چیؤ نے بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں وفاقی وزیر جام کمال کے خطاب کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی تعاون، علاقائی رابطوں اور مشترکہ معاشی خوشحالی پر وزیر تجارت کے زور دینے کی خصوصی تعریف کی۔
پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کا اعادہ کرتے ہوئے جام کمال نے چین کے ساتھ تاریخی تعلقات کے لیے اسلام آباد کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان بالخصوص ہانگ کانگ کے ساتھ اپنی تجارتی و معاشی شراکت داری کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔





