اسلام آباد: پاکستان کی سول و عسکری قیادت نے 1965ء کی جنگ کے عظیم ہیرو نشان حیدر پانے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 61 واں یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا اور ان کی بے مثال شجاعت و عظیم قربانی کو ادائے تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے علیحدہ پیغامات میں میجر عزیز بھٹی شہید کے دفاع وطن کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری ملک کے لیے باعث فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھی جنگ کے اس عظیم ہیرو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے میجر عزیز بھٹی شہید کے اسی جذبے کے تحت ملکی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا، جنہوں نے 12 ستمبر 1965ء کو جام شہادت نوش کرنے سے قبل لاہور کے قریب اہم برکی سیکٹر کا مسلسل پانچ دن اور راتوں تک دشمن کی شدید پیش قدمی کے سامنے ڈٹ کر دفاع کیا تھا۔





