اسلام آباد: سفیر شفقت علی خان نے جمہوریہ آرمینیا کے لیے پاکستان کے پہلے غیر مقیم سفیر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں باقاعدہ سنبھال لی ہیں۔ انہوں نے یروان کے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران آرمینیا کے صدر واہاگن خاچاتوریان کو اپنی سندِ سفارت پیش کی۔
آرمینیائی صدر نے پاکستانی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا، جبکہ سفیر شفقت علی خان نے پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کی استواری کے لیے اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ سفارتی تقریب 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے باضابطہ قیام کے بعد پاک آرمینیا تعلقات میں ایک میل کا پتھر ہے۔ اپنے دورہ یروان کے دوران سفیر شفقت علی خان، جو متوازی طور پر متحدہ عرب امارات میں بھی پاکستان کے سفیر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، نے آرمینیا کے وزیر خارجہ آراراط میرزوویان اور نائب وزیر خارجہ مناٹساکان صفاریان سے بھی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ، تجارت و سرمایہ کاری کی وسعت، اور ثقافتی و تعلیمی تبادلوں کو آگے بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔





