اسلام آباد: ٹیکس ایڈمنسٹریشن اصلاحات کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں سے ماضی میں لیے گئے تقریباً 4.7 ارب ڈالر کے قرضوں کی افادیت پر پلاننگ اتھارٹیز کے بڑھتے ہوئے تحفظات کے باوجود، پاکستان مزید 20 کروڑ ڈالر (تقریباً 57.1 ارب روپے) کا غیر ملکی مالیاتی منصوبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے جمعہ کے روز 'ٹرانسفارمنگ اینڈ ڈیجیٹلائزنگ ریونیو ایڈمنسٹریشن' (TADRA) پروجیکٹ کو قومی اقتصادی کونسل کی اجرائ کمیٹی (ایکنیک) کو بھیجنے کی سفارش کر دی، تاہم یہ منظوری پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پائڈ) کی جانب سے بزنس ماڈل کے جائزے سے مشروط ہوگی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مالی تعاون سے تجویز کردہ اس اقدام کا مقصد 2029 تک پاکستان کے ٹیکس اور جی ڈی پی کے تناسب کو 13.5 فیصد تک بڑھانا اور فعال ٹیکس دہندگان کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچانا ہے۔
اجلاس کے دوران پلاننگ کمیشن اور تکنیکی ماہرین نے ڈیٹا سیکیورٹی، سسٹم کی دہرائی اور ماضی کے اقدامات جیسا کہ 'پاکستان ریزز ریونیو پروجیکٹ' اور 'ٹیکس ایڈمنسٹریشن ریفارمز پروگرام' سے حاصل ہونے والے نتائج کی افادیت پر اہم سوالات اٹھائے۔ 25 سال میں قابل واپسی تجویز کردہ 20 کروڑ ڈالر کے اس قرض میں سے 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر صرف پانچ سالہ مدت کے لیے مشاورت (کنسلٹنسی) کی خدمات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ 'ٹی اے ڈی آر اے' کے ساتھ ساتھ، سی ڈی ڈبلیو پی نے 37.2 ارب روپے کے پاک سیٹ 2 سیٹلائٹ سسٹم سمیت دیگر کئی اہم قومی منصوبوں کی منظوری یا سفارش بھی دی، جس سے اجلاس میں غور کیے گئے کل منصوبوں کی مالیت تقریباً 116 ارب روپے تک پہنچ گئی۔





