دانانیر مبین نے انسٹاگرام پر ایک مختصر پروموشنل ویڈیو کے ذریعے اپنے ڈیبیو گانے کا اعلان کیا، جس کے بعد مداحوں میں اس نئے پراجیکٹ کے حوالے سے دلچسپی پیدا ہوگئی۔
’ٹچ‘ میں دانانیر مبین کے ساتھ حیدر مستحسن نے پرفارم کیا ہے۔ گانے میں جدید اور پرجوش میوزک پیش کیا گیا ہے۔ یہ دانانیر مبین کی سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر کامیابی کے بعد موسیقی کے شعبے میں پہلی باقاعدہ کوشش ہے۔
دانانیر مبین نے اپنے کیریئر کا آغاز سوشل میڈیا سے کیا اور بعد ازاں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ وہ ’صنفِ آہن‘ اور ’محبت گمشدہ میری‘ جیسے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
دانانیر مبین کو 2021 میں اس وقت ملک بھر میں شہرت ملی جب ان کی ’پاوری ہو رہی ہے‘ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں استعمال ہونے والا جملہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی مقبول ہوا اور ایک وسیع پیمانے پر شیئر ہونے والا میم بن گیا۔
اس وائرل شہرت کے بعد دانانیر مبین نے سوشل میڈیا پر اپنی مضبوط شناخت قائم کی اور پھر ٹیلی ویژن ڈراموں کے ذریعے اداکاری کے شعبے میں بھی جگہ بنائی۔
اب موسیقی میں انٹری کے ساتھ دانانیر مبین نے اپنی فنی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔ اگرچہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ موسیقی ان کے کیریئر کا مستقل حصہ بنے گی یا نہیں، تاہم ’ٹچ‘ ان کے لیے تفریحی صنعت میں ایک نئی سمت ضرور ہے۔
یہ گانا اب مختلف میوزک پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔





