کینیڈا کے لیجنڈ باکسر اور پانچ مرتبہ نیشنل ہیوی ویٹ چیمپئن رہنے والے جارج چووالو 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
جارج چووالو نے اپنے پروفیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر 93 فائٹس کیں، جن میں انہوں نے 73 مقابلے جیتے، 18 میں شکست کھائی جبکہ دو فائٹس ڈرا رہیں۔ ان کے کیریئر کی سب سے نمایاں بات یہ تھی کہ وہ کسی بھی پروفیشنل فائٹ میں کبھی ناک آؤٹ ہوکر رنگ میں نہیں گرے۔
1937 میں پیدا ہونے والے چووالو نے ٹورنٹو میں ایک کروشین تارکین وطن خاندان میں پرورش پائی اور کم عمری میں باکسنگ شروع کردی۔ بعد میں وہ کینیڈا کے عظیم ترین فائٹرز میں شمار ہونے لگے اور اپنی مضبوطی، برداشت اور سخت مقابلوں کے لیے مشہور ہوئے۔
جارج چووالو نے محمد علی سے دو بار مقابلہ کیا
جارج چووالو نے باکسنگ لیجنڈ محمد علی کے خلاف اپنے کیریئر میں دو فائٹس کیں۔ دونوں مقابلے بالترتیب 1966 اور 1972 میں ہوئے اور چووالو کو دونوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم محمد علی نے بعد میں چووالو کو اپنے کیریئر کا سب سے سخت حریف قرار دیا تھا۔
چووالو نے اپنے کیریئر کے دوران جارج فورمین اور جو فریزر جیسے بڑے باکسرز کے خلاف بھی فائٹس کیں۔
ٹورنٹو کے اس باکسنگ جم Sully's Boxing نے بھی جارج چووالو کو خراج عقیدت پیش کیا، جہاں وہ ٹریننگ کیا کرتے تھے۔ جم کے مطابق ان کی تصاویر کئی دہائیوں سے وہاں کی دیواروں پر لگی ہوئی تھیں اور ان کی کہانیاں ایک نسل کے فائٹرز سے دوسری نسل تک منتقل ہوتی رہی ہیں۔
اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے بھی جارج چووالو کو "ہیوی ویٹ باکسنگ لیجنڈ"، خاندانی دوست اور کینیڈین آئیکون قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کے بعد جارج چووالو کا کام
جارج چووالو نے 1978 میں پروفیشنل باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لے لی، تاہم اس کے بعد بھی وہ عوامی سرگرمیوں میں متحرک رہے۔
انہوں نے کینیڈا بھر میں بطور مقرر سفر کیا اور منشیات کے خلاف آگاہی اور ذہنی صحت کے حوالے سے کام کیا۔
چووالو نے اپنے خاندان پر منشیات اور خودکشی کے تباہ کن اثرات کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔ ان کے تین بیٹے اور اہلیہ منشیات کی زیادتی اور خودکشی کے واقعات میں جان سے گئے تھے۔
اپنے ذاتی تجربات کی وجہ سے انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد منشیات کے استعمال کے نقصانات اور ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے اپنی آواز استعمال کی۔
جارج چووالو فلموں اور ٹی وی میں بھی نظر آئے
باکسنگ کے علاوہ جارج چووالو نے فلم اور ٹیلی ویژن میں بھی کام کیا۔ وہ 1998 کی کامیڈی فلم Dirty Work میں نظر آئے جبکہ 1986 کی ہارر فلم The Fly میں جیف گولڈ بلم کے ساتھ بھی کام کیا۔
بعد میں وہ بڑے باکسنگ مقابلوں میں بطور مہمان کمنٹیٹر بھی نظر آتے رہے۔ انہوں نے اپنے دوست اور ساتھی فائٹر چارلس "اسپائیڈر" جونز کے ساتھ ٹی وی پروگرام Greatest Knockouts کی میزبانی بھی کی۔
جارج چووالو کے پسماندگان میں ان کے بڑے بیٹے مچ، بیٹی وینیسا، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں اور دوسری اہلیہ جوان شامل ہیں۔





