مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری خدمات آن لائن فراہم کرنے کے لیے 'آزاد کشمیر ڈیجیٹل پورٹل' کو فوری طور پر فعال بنائیں۔
ایک سرکاری اہلکار کے مطابق، اس پورٹل کے ذریعے شہری سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگائے بغیر مختلف خدمات حاصل کر سکیں گے۔ یہ نظام بیرونِ ملک مقیم آزاد کشمیر کے تارکینِ وطن (اوورسیز پاکستانیوں و کشمیریوں) کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔
پہلے مرحلے میں وہ تمام سرکاری خدمات شامل کی جائیں گی جنہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کیا جا سکتا ہے، جبکہ نظام کی پیشرفت کے ساتھ مزید خدمات کو بھی اس میں شامل کیے جانے کی توقع ہے۔
اس اقدام کا مقصد کاغذی کارروائی، وقت اور اخراجات میں کمی لانا ہے، تاکہ شہری آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں۔
آزاد کشمیر حکومت اس منصوبے پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور اس کی فنی مہارت اور ادارہ جاتی تجربے سے استفادہ حاصل کر رہی ہے۔
یہ پورٹل آزاد کشمیر کے محکمہ آئی ٹی کے 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس میں آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سرکاری خدمات کی فراہمی کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔





