محکمہ موسمیات نے سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بحیرہ عرب اور ملحقہ علاقوں پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔ شہر میں شمال مغرب سے تقریباً 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 16 ستمبر کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو الہٰیار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں بارش متوقع ہے۔
بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
متوقع بارشوں کے پیش نظر سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیان چند ایسرانی نے PDMA اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش جاری
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے مال روڈ، لبرٹی چوک اور ایم ایم عالم روڈ کے اطراف ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم حبس کی شدت مکمل طور پر کم نہیں ہوسکی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے بھی آگاہ کیا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔





