اسلام آباد: قومی اسمبلی نے بدھ کے روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آتشزدگی کے حالیہ واقعے میں معصوم بچوں کے جانی نقصان پر گہرے غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے۔
قرارداد میں اس دردناک واقعے کی شدید مذمت کی گئی اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بننے والے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایوان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے المیے کا سبب بننے والی کوئی بھی غفلت یا حفاظتی انتظامات میں کوتاہی انتہائی تشویشناک ہے، لہٰذا حکومت ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے۔
قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جائیں، غفلت یا حفاظتی ناقص تدابیر کی ذمہ داری متعین کی جائے اور ملوث افراد کے خلاف مناسب قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ارکانِ قومی اسمبلی نے زور دیا کہ جہاں بھی غفلت یا طے شدہ حفاظتی تدابیر کی عدم پیروی سے معصوم جانیں گئی ہوں، وہاں بلاتفریق احتساب یقینی بنایا جائے۔
ارکان نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی ہسپتالوں بالخصوص نوزائیدہ بچوں اور اطفال کے شعبوں میں فائر سیفٹی پروٹوکولز اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ سیکورٹی انتظامات بہتر ہوں اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
قومی اسمبلی کے ارکان نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ انہیں اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کا صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔
یہ قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے پیش کی، جو اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری اور بچوں کے حقوق سے متعلق پارلیمانی کاکس کے وفاقی کوآرڈینیٹر ہیں۔





