اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک کی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کو تیز تر اور آسان بنانے کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل انویسٹر آن بورڈنگ فریم ورک متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد بار بار کی تصدیق سے نجات، دستاویزات کو سادہ بنانا اور انویسٹر اکاؤنٹس کھولنے کی واضح مدت طے کرنا ہے۔
اس فریم ورک کا بنیادی مقصد پہلی بار سرمایہ کاری کرنے والوں اور ڈیجیٹل انویسٹرز کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت ’سہل/سہولت اکاؤنٹس‘ ایک ورکنگ ڈے جبکہ ’نارمل اکاؤنٹس‘ دو ورکنگ ڈیز کے اندر پروسیس کیے جائیں گے۔ درخواست گزاروں کو ٹریکنگ آئی ڈیز جاری کی جائیں گی، جبکہ کسی بھی کمی بیشی کے بارے میں مقررہ مدت میں آگاہ کیا جائے گا اور درخواست مسترد ہونے کی صورت میں تحریری وجوہات فراہم کی جائیں گی۔
یہ اقدام ایس ای سی پی کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ریٹیل سرمایہ کاروں، خاص طور پر پاکستانی نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینا اور ملک کی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانا ہے۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ”ہماری توجہ رکاوٹوں کو دور کرنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاروں کے لیے اس عمل کو زیادہ سادہ، تیز اور آسان بنانے پر مرکوز ہے۔ اس کا مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں کی شمولیت کو وسعت دے کر پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی غیر مستعمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا اور ایک مضبوط اور جامع مارکیٹ قائم کرنا ہے۔“
سال 2026 کے سرکلر نمبر 19 کے ذریعے جاری کردہ یہ فریم ورک سیکیورٹیز بروکرز، ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، انشورنس کمپنیوں اور دیگر ریگولیٹڈ اداروں کے لیے آن بورڈنگ کے تقاضوں کو یکساں بناتا ہے، جس سے پورے مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاروں کو ایک یکساں اور بہتر تجربہ حاصل ہو گا۔
اس فریم ورک کی ایک اہم خصوصیت صارف کی بار بار کی جانے والی تصدیق کے عمل کا خاتمہ ہے۔ اگر کسی اہل ریگولیٹڈ مالیاتی ادارے یا منظور شدہ تھرڈ پارٹی نے مطلوبہ تصدیق پہلے ہی مکمل کر لی ہو تو دیگر ادارے سرمایہ کار سے دوبارہ عمل سے گزرنے کا تقاضا کرنے کے بجائے اسی تصدیق پر انحصار کر سکتے ہیں۔
یہ فریم ورک اے پی آئی پر مبنی ’اسٹریٹ تھرو پروسیسنگ‘ اور ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو بھی ممکن بناتا ہے، جس میں فوری یو آئی این کا اجراء اور سی ڈی سی سب اکاؤنٹس کھولنا شامل ہے، جس سے کاغذی کارروائی اور دستی مداخلت میں کمی آئے گی۔





