لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا نکاح معروف کاروباری شخصیت جبار خالد کے بیٹے اذان جبار سے ہو گیا ہے۔ نکاح کی یہ سادہ تقریب لاہور میں شریف خاندان کی جاتی امرا رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور مخصوص مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں تین بار کے سابق وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے علاوہ حسن نواز اور حسین نواز بھی موجود تھے۔
یہ تقریب ماہ نور کے لندن کی سواس یونیورسٹی سے اینتھروپولوجی میں ڈگری مکمل کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد منعقد ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حال ہی میں بیٹی کی تقریبِ تقسیمِ اسناد میں شرکت کے لیے برطانوی دارالحکومت کا دورہ کیا تھا اور اسے اپنے خاندان کے لیے انتہائی فخر کا لمحہ قرار دیا تھا۔ جنوری میں ماہ نور کے بڑے بھائی جنید صفدر کی شادی کے بعد شریف خاندان میں یہ ایک اور اہم خاندانی تقریب ہے۔





