حکومت نے موٹر سائیکل سواروں، رکشہ اور چنگ چی مالکان اور صارفین سمیت 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کے لیے 100 روپے فی لیٹر پٹرول ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا طریقہ جاری کر دیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور دیگر دو اور تین پہیوں والی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول تک 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
اسی طرح 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے مالکان اور صارفین کو ماہانہ 30 لیٹر پٹرول تک 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا۔
پٹرول ریلیف کے لیے رجسٹریشن کیسے کریں؟
وزارتِ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ جاری کیا ہے۔
اہل شہریوں کو اپنے موبائل فون سے “REG” کے بعد اپنا شناختی کارڈ نمبر 9771 پر SMS کرنا ہوگا۔
وزارت کے مطابق رجسٹریشن پیغام میں گاڑی کا نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ بھی شامل کرنا ہوگی۔
اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن فوری طور پر شروع کر دی گئی ہے، جبکہ حکومت عوام کو طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائے گی۔
فیول ٹوکن کیسے حاصل کریں؟
کامیاب رجسٹریشن کے بعد اہل شہری “TOK” لکھ کر 9771 پر SMS کرکے فیول ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ فیول ٹوکن متعلقہ پٹرول پمپس پر دکھا کر سبسڈی والے نرخ پر پٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔
پٹرول ریلیف کب شروع ہوگا؟
اسلام آباد میں یہ اسکیم پیر اور منگل کی درمیانی رات سے شروع ہوگی۔
ملک کے دیگر حصوں، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں پٹرول ریلیف بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سے دستیاب ہوگا۔
یہ اسکیم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ اضافے کے بعد ملک میں پٹرول کی قیمت 375.82 روپے فی لیٹر ہو چکی ہے۔





