کوئٹہ: سیکیورٹی ذرائع نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلنتک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ افراد کی گاڑی کو نشانہ بنایا جو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر حملوں میں براہِ راست ملوث تھے، جن میں مشخیل پولیس اسٹیشن اور علاقائی کسٹم ہاؤس پر حالیہ حملے بھی شامل ہیں۔
کارروائی کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے دو سب مشین گنز (ایس ایم جیز) بمعہ 200 راؤنڈز، 9 ایس ایم جی میگزین، تھرمل امیجنگ سائٹ سے لیس ایک ایم 16 رائفل، ایم 16 کے 120 راؤنڈز اور 8 میگزین تحویل میں لے لیے۔ اس کے علاوہ چار بینڈولیئرز (اسلحہ کی پٹیاں)، مختلف اقسام کے 8 دستی بم، ایک آئی ای ڈی ریموٹ کنٹرول یونٹ اور ایک سالم آئی ای ڈی برآمد کی گئی۔ ساتھ ہی ایک موٹرولا ریڈیو سیٹ، چار اسمارٹ فونز، تین سادہ موبائل فونز، ایک ٹویوٹا آف روڈ گاڑی (جو آپریشن کے دوران تباہ ہو گئی) اور ایک ہونڈا سی جی 125 موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔ مزید برآں فتنۃ الہندوستان (سابقہ کالعدم بی ایل اے) کی دو کیپس اور نشہ آور ادویات پر مشتمل دو میڈیکل کٹ باکسز بھی برآمد کیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید شورش پسندانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اپنی موجودگی کو سخت کر دیا ہے۔




