استنبول: مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔
یہ کمیٹی مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی اور سیکیورٹی تعاون کے فریم ورک کے طور پر قائم کی گئی تھی۔ استنبول میں ہونے والا یہ اجتماع کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ہے جس میں تینوں ممالک کے امورِ خارجہ، دفاع اور عسکری معاملات کے ذمہ دار سینئر حکام یکجا ہو رہے ہیں۔
اجلاس میں ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف جنرل اسٹاف بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان کی شرکت ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ تینوں ممالک کی سینئر سیاسی، دفاعی اور عسکری قیادت کی موجودگی کمیٹی کے فریم ورک کے تحت سیاسی و دفاعی امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی۔
پاکستانی وفد میں ملک کی سینئر سیاسی، دفاعی اور عسکری قیادت شامل ہے جس نے اپنی شرکت کو ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تاریخی دوستانہ تعلقات اور دائمی علاقائی امن و استحکام کی خواہش کی عکاسی قرار دیا ہے۔




