اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے بورڈ آف گورنرز نے حال ہی میں مکمل ہونے والے انتخابات میں بینک کے صدر ماساتو کاندو کو دوسری مدت کے لیے متفقہ طور پر دوبارہ صدر منتخب کر لیا ہے۔ ان کی نئی 5 سالہ مدت کا باقاعدہ آغاز 24 نومبر 2026 سے ہو گا۔
ماساتو کاندو پہلی بار 27 نومبر 2024 کو اے ڈی بی کے 11ویں صدر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے پیشرو ماساتسوگو اساکاوا کی بقایا مدت مکمل کرنے کے لیے 24 فروری 2025 کو عہدہ سنبھالا تھا۔
مسٹر کاندو کا کہنا تھا کہ ”خطے کی تاریخ کے اس اہم ترین موڑ پر ممبر ممالک نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ میرے لیے باعثِ عزت ہے۔ ایشیا اور بحرالکاہل کا خطہ ابھی پچھلے بحرانوں سے نکل بھی نہیں پایا تھا کہ نئے خدشات نے جنم لے لیا ہے، جبکہ بین الاقوامی نظم و ضبط شدید ترین دباؤ کا شکار ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”اے ڈی بی کو خطے میں استحکام کا ضامن بننا ہو گا۔ تاہم استحکام کا مطلب ساکت رہنا نہیں ہے۔ ہمیں ممبر ممالک کی ضروریات کے مطابق تیز رفتاری اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ نہ صرف آج کے لوگوں کی حفاظت کی جا سکے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی تعمیر بھی ممکن ہو سکے۔“
کاندو کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے، اے ڈی بی نے مسلسل بحرانوں کے اس دور میں اپنے ممبر ممالک کے لیے تعاون میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ سال 2025 میں اے ڈی بی نے ریکارڈ 44 ارب امریکی ڈالر کی معاونت فراہم کی، جس میں بینک کے اپنے وسائل سے 29 ارب ڈالر سے زائد اور مشترکہ مالی اعانت (کو فنانسنگ) کی مد میں تقریباً 15 ارب ڈالر شامل تھے۔ اے ڈی بی چارٹر میں ایک تاریخی ترمیم کے ذریعے بینک کی سالانہ مالیاتی صلاحیت میں 50 فیصد اضافے کی راہ ہموار ہوئی، جس کے بعد اے ڈی بی کے اپنے وسائل سے سالانہ فنانسنگ کا حجم 36 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
اے ڈی بی میں شمولیت سے قبل، ماساتو کاندو 2024 سے 2025 تک جاپان کے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے خصوصی مشیر رہے، جبکہ 2021 سے 2024 تک وہ جاپان کے نائب وزیر خزانہ برائے بین الاقوامی امور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے جی سیون (G7) اور جی ٹوئنٹی (G20) سمیت اہم عالمی فورمز پر جاپان کی نمائندگی بھی کی۔





