اسلام آباد: سائبر سکیورٹی کمپنی کے تجزیے کے مطابق 2026 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں بچوں کی جانب سے سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی موبائل ایپ یوٹیوب رہی، جس کا ان کی مجموعی ایپ سرگرمی میں حصہ 31.2 فیصد تھا۔
انسٹاگرام 18.8 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ واٹس ایپ 17.4 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ فیس بک کا حصہ 10.8 فیصد رہا، جبکہ ٹک ٹاک 5.7 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
یہ نتائج Kaspersky Safe Kids کے گمنام ڈیٹا پر مبنی ہیں، جس میں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران بچوں کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر مختلف ایپلی کیشنز کے استعمال کے دورانیے کا جائزہ لیا گیا۔
ملٹی پلیئر گیمز بھی پاکستان میں بچوں کی جانب سے سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے 10 آن لائن وسائل میں شامل رہیں۔ Roblox کو اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز دونوں پر استعمال کیا گیا، جبکہ Discord ڈیسک ٹاپ پر استعمال ہونے والے پلیٹ فارمز میں شامل رہا۔
کاسپرسکی کے مطابق ایسے پلیٹ فارمز جہاں صارفین ایک دوسرے سے رابطہ کر سکتے ہیں، بچوں کو ایسے افراد سے آن لائن رابطے میں لا سکتے ہیں جنہیں وہ حقیقی زندگی میں نہیں جانتے۔ کمپنی نے جنریٹو مصنوعی ذہانت سے وابستہ نئے خطرات کی بھی نشاندہی کی، جن میں تبدیل شدہ یا مصنوعی طور پر تیار کردہ ڈیجیٹل مواد شامل ہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں بچوں کی موبائل ایپس سے متعلق سرگرمی کا بڑا حصہ ویڈیو، سوشل میڈیا اور میسجنگ پلیٹ فارمز پر مشتمل ہے، جبکہ تجزیے میں شامل دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے میں یوٹیوب کا استعمال سب سے زیادہ رہا۔





