ماسکو: امریکی خصوصي نمائندے اسٹیو ویتکوف اور جیرڈ کشنر نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق تجاویز پر ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے بات چیت کی ہے۔
ہفتے کے روز ہونے والی یہ ملاقات تقریباً تین گھنٹے جاری رہی، جس میں وائٹ ہاؤس کے مطابق تنازع کے خاتمے کے لیے اگلے اقدامات کے ٹھوس منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گفتگو میں امن تجاویز شامل تھیں اور آنے والے ہفتوں میں مزید تفصیلات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ سفارتی کوششوں کے حصے کے طور پر ویٹکوف اور کشنر کی کیف میں یوکرینی حکام سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
کریملن نے ان مذاکرات کو معروضی اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر پیوٹن نے سیاسی اور سفارتی حل کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے روسی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تاہم ماسکو اور کیف کے درمیان اب بھی شدید اختلافات موجود ہیں۔
ماسکو میں ہونے والی ملاقات سے قبل، روس نے کیف پر حملوں میں 72 گھنٹے کے وقفے کا اعلان کیا۔ یوکرینی صدر ولودی میر زیلینسکی نے بھی کہا کہ امریکی نمائندوں کے دورے کے دوران یوکرین ماسکو کو ڈرونز یا میزائلوں سے نشانہ نہیں بنائے گا اور انہوں نے روس سے بھی مثبت ردِعمل کا مطالبہ کیا۔
گزشتہ سفارتی کوششوں میں مستقل جنگ بندی نہ ہونے کے بعد یہ مذاکرات دونوں فریقین کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی واشنگٹن کی ایک اور کوشش ہیں۔





