اسلام آباد: پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے 'کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی' (YES) پروگرام کے لیے درخواستوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اہل پاکستانی ہائی اسکول طلباء کو امریکہ میں مکمل طور پر فنڈڈ ایکسچینج سمسٹر کے لیے درخواست دینے کی دعوت دی گئی ہے۔
جنوری 2027 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت منتخب طلباء امریکی میزبان خاندانوں کے ساتھ قیام کریں گے اور مقامی ہائی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی تبادلے، قیادت کی تربیت اور کمیونٹی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ یہ موقع 15 سے 17 سال کی عمر کے ان پاکستانی شہریوں کے لیے ہے جو آٹھویں سے دسویں جماعت یا او لیول میں زیر تعلیم ہیں، بشرطیکہ انہوں نے گزشتہ تین سالوں کے دوران اہم مضامین میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں اور ان کا کوئی تعلیمی خلا (گیپ) یا فیل مضمون نہ ہو۔
امیدواروں کو پہلے 'یس' (YES) پروگرام کے سرکاری پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنی ہوگی، جس کے بعد پرنٹ شدہ، دستخط شدہ فارم، اسکول سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد اور نادرہ کے معتبر شناختی دستاویزات کراچی میں 'سوسائٹی فار انٹرنیشنل ایجوکیشن' کو ارسال کرنا ہوں گے۔ میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کے عمل میں شامل ہونے کے لیے بذریعہ ڈاک یا کوریئر بھیجی گئی درخواستوں کا 15 ستمبر 2026ء تک موصول ہونا ضروری ہے۔




