اسلام آباد: پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پہلا گروپ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ سیریز کا آغاز 9 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہوگا۔
13 رکنی دستے میں سری لنکا کے ٹی20 اسکواڈ کے آٹھ کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے پانچ ارکان شامل ہیں۔
اسلام آباد پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان کوشل مینڈس، داسن شناکا، مہیش تھیکشانا، ایشان ملنگا، کمیندو مینڈس، لاہیرو اڈارا، چمیندو وکرماسنگھے اور دونتھ ویلالاگے شامل ہیں۔
ٹی20 اسکواڈ کے باقی پانچ ارکان منگل کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ سری لنکا کے ہیڈ کوچ، دو کھلاڑی اور دو دیگر آفیشلز بھی اسی روز دارالحکومت پہنچنے والے ہیں۔
اسکواڈ کے پاکستان پہنچنے کے بعد سری لنکن ٹیم سیریز کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔
سیریز کے تینوں میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی20 میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔





