پیرس: صحت کے حکام نے جمعے کے روز تصدیق کی ہے کہ فرانس کے متعدد علاقوں میں کدو کے بیجوں کی ایک کھیپ سے پھیلنے والے سالمونلا کی وجہ سے کم از کم 81 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
فرانسیسی وزارتِ صحت اور وزارتِ زراعت کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق عوامی صحت کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ آلودگی جنوب مغربی فرانس میں واقع ایک فوڈ پروسیسنگ کمپنی سے پھیلی۔ متاثرہ مصنوعات ملک بھر کی متعدد دکانوں بشمول مشہور گرینڈ فریس سپر مارکیٹ چین پر فراہم اور فروخت کی گئی تھیں۔
مئی سے اگست کے دوران سامنے آنے والی اس بیماری کے باعث چھ افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مزید دو افراد کو بھی فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام نے تصدیق کی کہ علامات میں کمی کے بعد تمام متاثرہ مریض گھر منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ان مصنوعات کو مارکیٹ سے فوراً واپس منگوا لیا گیا ہے۔
سالمونیلا چھڑ نما بیکٹیریا کا ایک گروہ ہے جو سالمونیلوسس کا سبب بنتا ہے، جو دنیا بھر میں خوراک سے پھیلنے والی سب سے عام بیماریوں میں سے ایک ہے۔ اس انفیکشن کی وجہ سے نظامِ ہضم میں خرابی پیدا ہوتی ہے، جس میں بخار، اسہال اور پیٹ میں مروڑ شامل ہیں، اور یہ علامات آلودہ خوراک کھانے کے کچھ گھنٹوں یا دنوں کے اندر ظاہر ہوتی ہیں۔





