لاہور: ہدایت کار سیفی حسن نے ہم ٹی وی کے مقبول ڈراما سیریل ’آپ کی عزت‘ کی تیاری کے حوالے سے پس پردہ تفصیلات شیئر کرتے ہوئے نامور ڈراما نگار عمیرہ احمد کے تخلیقی وژن کی تعریف کی ہے، جنہوں نے ان کے ابتدائی تحفظات کے باوجود اپنے اسکرپٹ پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سیفی حسن نے انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے آغاز سے قبل وہ لاہور میں عمیرہ احمد کی رہائش گاہ پر خود گئے تھے تاکہ ڈرامے کے مرکزی پلاٹ اور عنوان میں کچھ تبدیلیوں کی تجویز دے سکیں۔ تاہم عمیرہ احمد نے اپنی کہانی اور کردار نگاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا۔
سیفی حسن نے اعتراف کیا کہ عمیرہ احمد کا اپنے موقف پر قائم رہنا بالکل درست ثابت ہوا کیونکہ دیگر پرائم ٹائم ڈراموں کے مقابلے میں کم پبلسٹی کے باوجود ’آپ کی عزت‘ نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ ڈرامے کے حقیقت پسندانہ مکالموں، اثر انگیز موضوع اور مرکزی اداکار عروہ حسین اور احسن خان کی عمدہ اداکاری کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔




