لندن: پاپ اسٹار آریانا گرانڈے نے یکم ستمبر کو لندن کے ’او ٹو ایرینا‘ میں اپنا ’ایٹرنل سن شائن‘ ٹور ختم کرنے کے بعد باضابطہ طور پر شوبز کی دنیا سے طویل وقفے کا آغاز کر دیا ہے۔
برطانیہ میں 10 روزہ شو مکمل کرتے ہوئے 33 سالہ گلوکارہ نے اسٹیج پر آبدیدہ ہو کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور 41 روز ہ ٹور کو اپنی زندگی کے غیر معمولی ترین تجربات میں سے ایک قرار دیا۔ یہ شو ان کے قبل از وقت اعلانیہ وقفے کا آغاز ہے تاکہ وہ مسلسل میڈیا کی نظروں میں رہنے کے بعد کچھ آرام حاصل کر سکیں۔ وقفہ لینے کے باوجود آریانا گرانڈے آئندہ ’ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز‘ میں ’آرٹسٹ آف دی ایئر‘ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
اپنے جذباتی آخری شو سے قبل بھی آریانا نے سوشل میڈیا پر بیک اسٹیج کے مناظر شیئر کر کے مداحوں کے ساتھ اپنا روایتی رابطہ برقرار رکھا، اور پیر کی چوٹ کے بعد اپنے مشہور چھ انچ کے پلیٹ فارم بوٹس تبدیل کرنے پر شائقین کو تسلی بھی دی۔ پورے ٹور کے دوران مداحوں نے ان کے مخصوص اسٹائل کو اپنائے رکھا اور ہائی ہیلز، کیٹ ایئرز اور پونی ٹیلز میں ایرینا کو بھر دیا۔ گلوکارہ نے ڈرامائی سائنس فکشن انداز میں اسٹیج سے بلندی پر جاتے ہوئے اپنے آخری شو کا اختتام کیا۔




