لندن: پاکستان کے معروف فلم ساز سرمد کھوسٹ نے 15 ویں ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول (DCSAFF) میں اپنی نئی پنجابی فیچر فلم ’لالی‘ پر بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ منگل 15 ستمبر 2026ء کو فیسٹیول کے زمرے ”فلموں کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی“ کے تحت اس اعزاز کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ سرمد کھوسٹ نے انسٹاگرام پر خبر شیئر کرتے ہوئے 15 سال سے امریکی شائقین کے سامنے جنوبی ایشیائی سنیما پیش کرنے پر فیسٹیول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ’لالی‘ کی تمام کاسٹ اور عملے کو مبارکباد دی۔ ڈی سی ایس اے ایف ایف میں سرمد کھوسٹ کی یہ دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل وہ 2022ء میں اپنی فلم ’کملی‘ کے لیے بھی بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔
سرمد کھوسٹ اور سندس ہاشمی کی مشترکہ تحریر کردہ فلم ’لالی‘ کی کہانی ’زیبا‘ نامی ایک دوشیزہ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار مامیا شجافر نے ادا کیا ہے۔ فلم میں پراسرار حالات میں تین منگیتروں کی موت کے بعد اسے ”منحوس دلہن“ قرار دے دیا جاتا ہے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں چنن حنیف، ’جوائے لینڈ‘ کی راستی فاروق اور مہر بانو شامل ہیں، جبکہ اس کی ایڈیٹنگ صائم صادق نے کی ہے۔

سرمد کھوسٹ فلم ’لالی‘ کے پوسٹر کے ساتھ
سال 2026ء کے دوران اس فلم کا بین الاقوامی فیسٹیولز کا سفر یادگار رہا، جہاں 76 ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (برلنالے) میں اس کا پریمیئر ہوا اور یہ وہاں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی پہلی مکمل پاکستانی تیار کردہ فیچر فلم بن گئی۔ بعد ازاں اس نے انڈین فلم فیسٹیول آف لاس اینجلس میں اعزازی ذکر (آنریبل مینشن) حاصل کیا، 70 ویں بی ایف آئی لندن فلم فیسٹیول کی ’لاف‘ کیٹیگری میں جگہ بنائی، اور اسے مسیساگا انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول (MISAFF) کے لیے ریڈ کارپٹ اوپننگ گالا فلم بھی منتخب کیا گیا ہے۔





