سندھ: ریسکیو حکام کے مطابق اتوار کی شب کندھ کوٹ میں سیفل کے قریب تبلیغی جماعت کے اراکین کو لے جانے والی مسافر بس الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 5 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو نکالنے کی کارروائی شروع کی۔ پولیس کے مطابق بس ٹھل سے لاہور جا رہی تھی اور اس میں تبلیغی جماعت کے اراکین سوار تھے۔
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق فوری طور پر جاں بحق افراد کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کی جگہ پر اندھیرے کے باعث امدادی ٹیموں کو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ ہسپتالوں میں بھی ہنگامی اقدامات کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے گاڑی سے کنٹرول کھو دینے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم حکام نے حادثے کی وجہ سے متعلق باضابطہ تحقیقات کے نتائج کا اعلان نہیں کیا۔
پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ایک اور حادثے کے دوران ظاہر پیر میں سردار گڑھ کے قریب باراتیوں کو لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔
شیخ زاید ہسپتال کے ترجمان کے مطابق 3 زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حادثے کے بعد شیخ زاید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور انہوں نے حکام کو زخمیوں کی بہترین طبی امداد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی اور زیرِ علاج افراد کی عیادت کی۔
ریسکیو حکام اور ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ ٹریلر ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا ہو گا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔




