تھرپارکر: مٹھی ڈیپلو روڈ پر پیلورو پولیس پوسٹ کے قریب زائرین کی مسافر کوچ اور ٹریلر کے درمیان المناک حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔ پولیس اور محکمہ صحت کے حکام نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق نوکوٹ کی بھیل کالونی سے ہے اور ان کا تعلق بھیل برادری سے ہے۔ تمام افراد اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ڈیپلو کے قریب واقع واچھڑا پیر کے مزار سے زیارت کے بعد واپس گھر لوٹ رہے تھے کہ راستے میں مسافر کوچ کو حادثہ پیش آ گیا۔ پولیس نے جاں بحق ہونے افراد کی شناخت سجن بھیل، لیکھراج، سومار، ڈوڈو اور بھیمراج کے ناموں سے کی ہے۔
سول سرجن مٹھی ڈاکٹر شاہد جھانجھائی نے جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سول ہسپتال مٹھی میں 5 لاشیں اور 15 زخمیوں کو لایا گیا۔ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر مزید علاج کے لیے حیدرآباد ریفر کر دیا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے دیگر ضلاعی حکام کے ہمراہ سول ہسپتال مٹھی کا دورہ کیا اور ہنگامی طبی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو تمام ممکنہ بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔





