صنعا: یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب پر اپنا کنٹرول بڑھانے کے لیے عدن میں قائم بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حامی فورسز کے خلاف بڑا حملہ کر دیا ہے۔ باب المندب، جو عالمی بحری تجارتی آمدورفت کے لیے ایک متنازع گزرگاہ بن چکا ہے، ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد مزید اہم ہو گیا ہے۔ باب المندب دنیا کے مصروف ترین بحری راستوں میں سے ایک ہے جو نہر سویز کے ذریعے بحیرہ احمر کو بحیرہ روم سے ملاتا ہے۔
اس سے قبل، غزہ میں نسل کشی کے آغاز پر اس آبنائے میں بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں نے امریکہ کو فضائی کارروائیوں پر مجبور کیا تھا تاکہ اس اہم ترین بحری گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کی خاطر حوثیوں کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔
تازہ ترین لڑائی جمعرات کو اس وقت چھڑی جب حوثیوں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے زیرِ قبضہ ساحلی علاقوں پر راکٹ اور ڈرون حملوں کی مدد سے زمینی حملہ کیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق حوثی پیش قدمی کا مقصد کئی ہفتوں سے زیرِ عتاب بندرگاہی شہر موخا کا رابطہ منقطع کرنا اور باب المندب کی سرحد سے متصل علاقوں کی طرف آگے بڑھنا ہے۔ دونوں فریقین نے 131 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔





