چیف آف ڈیفنس فورسز نے یہ بات کوئٹہ گیریژن کے دورے کے دوران فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے بھر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ریاستی معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور مقامی آبادی کے لیے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کرتا رہے گا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں جاری معاشی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے یہ تعاون انتہائی اہم ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی میں افسران و جوانوں کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل لگن کو سراہا۔





