اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے اجلاس میں طے پانے والے امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور استنبول اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترک وزیر خارجہ سے گفتگو میں ڈار نے اجلاس کی میزبانی پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا اور دفاعی معاہدے کے تحت تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے طے کیا تھا، جبکہ اس کا پہلا اجلاس 31 اگست کو استنبول میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کو ابتدائی تین سال کے لیے اتحاد کی سیکریٹریٹ کی سربراہی سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دریں اثنا، مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے بھی اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں مصر کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا





