اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعے کے روز اپنے نیپالی ہم منصب بالیندر شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور نیپال میں حالیہ ناگہانی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے نیپالی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
گزشتہ جمعرات کو اس پہاڑی مملکت میں آنے والے ناگہانی سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تصدیق شدہ تعداد 539 ہو گئی ہے، جبکہ چند سو سیاحوں سمیت 1000 سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
یہ تباہی گلیشیئر ٹوٹنے سے شروع ہوئی جس سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور ندی نالوں میں طغیانی کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ تباہی کے مناظر اب سامنے آنے لگے ہیں جبکہ امدادی کارکن دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کئی دنوں سے انتھک کوششوں کے ذریعے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث بننے والی ایک پہاڑی جھیل کے کنارے اوور فلو ہونے کے بعد مزید سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر تدابیر کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے نیپال کو ہنگامی امدادی سامان روانہ کر رہا ہے۔
نیپالی حکومت کے سربراہ نے ٹیلی فون کرنے، یکجہتی اور حمایت کے اظہار پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے امداد کی دلی پیشکش پر بھی ممنونیت ظاہر کی۔





