راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واہ میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیکٹری کی پیداواری صلاحیتوں اور خود انحصاری کی کوششوں کا جائزہ لیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کے دورے کا بنیادی مقصد پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور ملک کے دفاعی صنعتی ڈھانچے میں اس کے کردار کا جائزہ لینا تھا اور توجہ اسی پر مرکوز رہی۔
دورے کے دوران، سی ڈی ایف عاصم منیر کو پی او ایف کے امور کے مختلف پہلوؤں اور متنوع عسکری سامان کی مقامی سطح پر تیاری اور پیداوار کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ ہتھیاروں اور گولا بارود کے تجربات و آزمائش کا مشاہدہ بھی کیا، جو جدت طرازی، خود انحصاری اور ملک کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ادارے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈیفنس انڈسٹریل پروڈکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈپرا) آرڈیننس کے نفاذ کے بعد کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے سی ڈی ایف عاصم منیر کو آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف کو دو نئے انڈسٹریل پلانٹس کی تنصیب کے ذریعے جاری مقامی کاری اور اپ گریڈیشن کی کوششوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جن کے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع کرنے کا امکان ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ دورہ ملک کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور ٹیکنالوجی کی جدت طرازی کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔





