اسکردو: گلگت بلتستان اسمبلی کی خالی نشست جی بی اے 09 (اسکردو 3) کے لیے پولنگ کا عمل سخت سیکیورٹی میں صبح 8 بجے شروع ہو گیا۔ سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے مطابق حلقے کے 61 پولنگ اسٹیشنز پر 33 ہزار 895 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
جی بی اے 09 کی نشست گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ کی جانب سے پی پی پی کے امیدوار فدا محمد ناشاد کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ فدا محمد ناشاد جون میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں کامياب ہوئے تھے۔
اب ان کے بیٹے اختر عباس پی پی پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے محمد اجمل میدان میں ہیں۔ سابق وزیر محمد سلیم آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ اس ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اختر عباس اور آزاد امیدوار سلیم کے درمیان کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے۔ سپریم اپیلٹ کورٹ کے فیصلے کے بعد اختر عباس کو عوام کی ہمدردی کے ساتھ ساتھ اپنے والد کا ووٹ بینک بھی برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔



