اسلام آباد: حکومت نے جمعے کے روز پٹرول کی قیمت میں 3.13 روپے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 3.74 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
قیمتوں میں اس ردوبدل کے بعد پٹرول 345.87 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 378.05 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ حکومت پٹرول پر 114 روپے اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکسز اور ڈیوٹیز بدستور وصول کر رہی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 7 ستمبر سے ہوگا۔
اس سے قبل رواں سال 17 جولائی کو وزارتِ پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اتاری چڑھاؤ کی وجہ سے ایندھن کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
اس سے پہلے رواں سال مارچ سے حکومت ہر ہفتے قیمتوں کا جائزہ لے رہی تھی اور خلیج فارس میں جاری کشیدگی کے باعث آئل سپلائی میں ممکنہ خلل اور آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے پر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی متعارف کرائے گئے تھے۔ بعد ازاں اپریل میں حکومت نے سبسڈائزڈ ایندھن کی فراہمی کے لیے ہدف پر مبنی ریلیف اقدامات شروع کیے تھے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ کابینہ اور وزیرِ اعظم نے عالمی منڈی کے رجحانات کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرنے کی ذمہ داری آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو سونپنے کا فیصلہ کیا تھا۔
رواں سال 3 اپریل کو ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں بالترتیب 520.25 روپے اور 458.41 روپے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔





