اسلام آباد: پاکستانی کاشتکار اور زرعی شعبے کے پیدا کنندگان دو سال کے اندر سعودی عرب کے ساتھ تجارتی حجم 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں، جن میں پھل، سبزیاں اور چاول سرِفہرست برآمدی اشیاء ہیں۔
اس ہدف پر اگست کے آخر میں سعودی وزیر برائے ماحول، پانی و زراعت عبدالرحمٰن الفضلی کی قیادت میں آنے والے وفد کے دورۂ اسلام آباد کے دوران اتفاق کیا گیا تھا۔ سرخ گوشت، سبز چارہ اور پانی کی بچت کرنے والی زرعی ٹیکنالوجی کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے نجی شعبے کے تعاون کو وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مالیت کا 1 لاکھ 69 ہزار ٹن سے زائد چاول برآمد کیا۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے چیئرمین ملک فیصل جہانگیر نے ایک انٹرویو میں بتایا، ”سعودی عرب دنیا کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے اور وہ 12 لاکھ ٹن باسمتی چاول درآمد کرتا ہے۔“
ریپ نے رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب کو تقریباً 3 لاکھ 25 ہزار ٹن چاول برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔





