اسلام آباد: پاکستان کی پانچ بڑی آئل ریفائنریوں نے براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت اگلے ماہ کے اوائل میں جدید کاری کے معاہدوں پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس سے 6 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی اور ملک کے اندر یورو 5 معیار کے ایندھن کی پیداوار ممکن ہو سکے گی۔
یہ پیشرفت وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی صدارت میں پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو)، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل)، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (این آر ایل)، سی نرجیکو اور اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل) کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان اجلاسوں میں پالیسی فریم ورک پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، مالیاتی و آپریشنل کارکردگی کا اندازہ لگایا گیا اور قومی توانائی کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کی نشاندہی کی گئی۔
مجوزہ اپ گریڈیشن کا مقصد مقامی ریفائننگ کی صلاحیت کو یورو 5 ایندھن کے معیار پر منتقل کرنا اور در آمدی پیٹرول و ڈیژل پر انحصار کم کرنا ہے۔ وزارت پٹرولیم کے مطابق، اعلیٰ معیار کے ایندھن کی مقامی پیداوار سے در آمدی ریفائنڈ متبادلات کے مقابلے میں مقامی قیمتوں میں کمی کی توقع ہے۔
مباحثے کے دوران سی نرجیکو، این آر ایل اور اے آر ایل کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے تصدیق کی کہ تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد ان معاہدوں پر دستخط پالیسی کے عملی آغاز کا نقطہ آغاز ہوں گے۔ اے آر ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر نے عالمی ایندھن کے بدلتے ہوئے معیارات اور مارکیٹ کی صورتحال کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کے لیے موجودہ سہولیات کی جدید کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
پارکو اور پی آر ایل کے ساتھ الگ الگ اجلاسوں میں، وفاقی وزیر نے آبنائے ہرمز کے حالیہ بحران کے دوران آپریشنل استحکام کا جائزہ لیا۔ علی پرویز ملک نے بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشنز جاری رکھنے پر دونوں ریفائنریوں کی تعریف کی اور کہا کہ مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کے باعث ملک بھر میں ایندھن کی قلت سے بچا گیا۔
وزیر پٹرولیم کو حب میں مجوزہ 'آئل سٹی' منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، جسے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے، تجارتی روابط کو فروغ دینے اور معاشی نمو میں معاونت کے لیے ایک اسٹریٹجک انرجی ٹرمینل اور اسٹوریج کمپلیکس کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
علی پرویز ملک نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس شعبے کی طویل مدتی پائیداری کے لیے معاہدوں پر بروقت دستخط انتہائی اہم ہیں، اور انہوں نے تصدیق کی کہ حکومت منصوبے کی پیشرفت کو یقینی بنانے کے لیے عملدرآمد میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں ریفائنریوں کی معاونت کرے گی۔





